0

سرجن ڈاکٹر شاہد سہیل نے کہا ہے کہ انسانی جسم میں ہڈیوں کی نشوونما اور مضبوطی کیلئے وٹامن ڈی اہم کردار ادا کرتا ہے

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سابق سرجن ڈاکٹر شاہد سہیل نے کہا ہے کہ انسانی جسم میں ہڈیوں کی نشوونما اور مضبوطی کیلئے وٹامن ڈی اہم کردار ادا کرتا ہے غذا کے ساتھ سورج کی روشنی بھی اسکے حصول کا بڑا ذریعہ ہے، کیلشیم اور وٹامن ڈی میں خاص تعلق ہے انکا مرکب خصوصا ًہڈیوں میں نئے خلیے بننے کے عمل میں نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں گزشتہ روز نجی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیلشیم اور وٹامن ڈی کے قدرتی عمل سے ہی انسانی جسم، جوڑ اور پٹھے اپنے افعال بہتر طریقے سے انجام دے پاتے ہیں بالخصوص وٹامن ڈی کی بدولت جسم کا مدافعتی اور ہڈیوں کا نظام مضبوط رہتا ہے تاہم غیر متوازن خوراک ہمارے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وٹامن ڈی کی ضرورت صرف معمول کی غذاؤں سے پوری نہیں ہو سکتی اسکے لئے انسانی جسم کو سورج کی روشنی میں وقت گزارنا چاہئے کیونکہ دھوپ میں ہمارا جسم تیزی سے وٹامن ڈی تیار کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اسی وٹامن کی کمی کے باعث بچوں میں ہڈیوں کے مسائل اور سوکھے پن کی بیماری لاحق ہو سکتی ہے بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ کیلشیم اور وٹامن ڈی کے حصول پر توجہ دینا چاہئے کیونکہ معمولی ضرب یا گرنے سے ہڈیاں ٹوٹ سکتی ہیں اور قدرتی طور پر وہ نقصان پورا نہیں ہو پاتا اس لئے سرجری کی ضرورت پڑتی ہے۔