0

ریسکیو 1122 کی جانب سے گزشتہ روز دریائے جہلم پر ایک فلڈ موک ایکسرسائز کا اہتمام

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی جانب سے گزشتہ روز دریائے جہلم پر ایک فلڈ موک ایکسرسائز کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا۔ موک ایکسرسائز میں وزیراعظم پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی، جنرل آفیسر کمانڈنگ جہلم سہیل احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسان طارق، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کوآرڈینیٹر صبور ثاقب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نبیل علی سمیت دیگر محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر تفصیلی بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بروقت تیار رہنا ہے، اس وقت سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے ریڈی ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 جہلم اور تمام اداروں کی تیاری کو بھرپور انداز میں سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کرنا آسان کام نہیں ہے لیکن ریسکیو 1122 جہلم احسن طریقے سیاپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے ریسکیو کے افسران اور جوانوں میں پبلک سروس کا جذبہ سب سے زیادہ ہے، امید کرتا ہوں کہ اس طرح کی سرگرمیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس ہیلتھ، ریونیو، لوکل گورنمنٹ باہم کوآرڈینیشن کے ساتھ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ صحت، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، سوشل ویلفیئر کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور سیلابی صورتحال میں لوگوں کو بہترین انداز میں اپنی سروسز فراہم کرنے کی تلقین کی۔