0

رشوت لیکر تقرریاں کا الزام: فرح گوگی، عثمان بزدار سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ درج

 عثمان بزدار اور فرح گوگی
پنجاب میں مبینہ طور پر رشوت لے کر تعیناتیاں اور تقرریاں کرنے پر اینٹی کرپشن حکام نے 8 اہم شخصیات کےخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق جن 8 اہم شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کا بیٹا ابراہیم مانیکا بھی ملزم نامزد ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی سہیلی فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف بھی یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سابق بیوروکریٹ طاہر خورشید، صالحہ سعید، خواجہ سہیل، احمد عزیز تارڑ اور عثمان معظم بھی اس مقدمے میں ملزم نامزد ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام نے بتایا ہے کہ رشوت ستانی کا مقدمہ تھانہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر میں طویل انکوائری کے بعد درج کیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ان 8 ملزمان نے بھاری رشوت لے کر صوبے بھر میں افسران کو من پسند پوسٹیں دیں۔ اینٹی کرپشن حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی جلد گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں