راولپنڈی کے علاقے روات میں واقع نجی ہاؤسنگ سو سائٹی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سیشن جج آزاد کشمیر سردار امجد اسحاق قتل کردئیے گیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح راولپنڈی کے علاقے روات کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی (بحریہ ٹاؤن) فیز 8 میں 2 ڈاکو ڈکیتی کی غرض سے ایک گھر میں داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ جس پر گھر کے مالک سیشن جج آزاد کشمیرسردار امجد اسحاق نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
سردار امجد اسحاق کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکو ڈکیتی کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ مقتول جج سردار امجد اسحاق کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سے تھا اور وہ سیشن عدالت میر پورمیں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔