جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو محتسب پنجاب میجراعظم سلیمان خان (ر)نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں دفتر محتسب پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے سال 2023 پیش کی۔ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور اور حکومت پنجاب کے انتظامی سربراہان سمیت محتسب آفس کے ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی محتسب کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ محتسب پنجاب کا ادارہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا احسن طریقے سے استعمال کررہا ہے۔ گورنر پنجاب نے عوام کی مختلف اداروں سے متعلق شکایات کے حل کے لئے محتسب پنجاب کے ادارے کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے جیسے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محتسب پنجاب کے دفاتر کا دائرہ کار مختلف اضلاع تک بڑھانا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا قابل تعریف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبائی محتسب کے فیصلے اردو میں لکھے جاتے ہیں جسے سمجھنے کے لئے لوگوں کو آسانی ہوتی ہے اور اس کے لیے انہیں کسی وکیل کی ضرورت نہیں پڑتی۔ گورنر پنجاب نے مذید کہا کہ محتسب آفس نے اپنے فیصلہ جات کے ذر یعے لوگوں کو اربوں روپے کا ریلیف دینے میں اہم کردار اداکیا ہے۔ محتسب آفس کی سالانہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے میجراعظم سلیمان خان (ر)نے بتایا کہ سال 2023 میں کل 35139 شکایات موصول ہوئیں جبکہ نمٹائی گئی شکایات کی تعداد 35202ہے یوں موصول ہونے والی تمام شکایات کو نمٹادیا گیا۔ محتسب پنجاب نے بتایا کہ عوامی شکایات پر موثرکارروائی کے نتیجے میں شکایت کنندگان اور حکومت کو مجموعی طور پر 22.504 بلین روپے کا ریلیف ملاجس میں سے 15.834 بلین روپے مالیت کی 26229کنال سرکاری اور نجی اراضی کو واگزار کروایا گیا جبکہ شکایت کنندگان کو حاصل ہونے والے مالی ریلیف کی کل مالیت 6.669 بلین روپیہ ہے۔محتسب پنجاب نے مزید کہا کہ سال 2023 میں موصولہ اور نمٹائی جانے والی شکایات کی تعدادگزشتہ کسی بھی سال کی شکایات کی تعداد سے زیادہ ہے جو دفتر محتسب پنجاب پر عوام کے بڑھتے اعتماد کا ثبوت ہے۔ محتسب پنجاب نے کہا کہ سال 2023 میں پولیس کے خلاف7212،لوکل گورنمنٹ 5980،ریونیو 5678، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر 2531، سکول ایجوکیشن1961 اورڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے خلاف 1563 شکایات موصول ہوئیں۔ دریں اثنا محتسب آفس کے حکم پر سال 2023 میں 119 سائلین کو پنجاب سول سرونٹس (تقرری و شرائط ملازمت)رولز مجریہ 1974 کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری محکموں میں ملازمتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ دفتر محتسب پنجاب کے فیصلوں کے خلاف گورنر پنجاب کو عرضداشت پیش کی جا سکتی ہے۔ محتسب پنجاب کے بر قرار رہنے والے فیصلوں کی مجموعی شرح 99.95 فیصد ہے۔میجراعظم سلیمان خان (ر)نے محکمانہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سال 1996 سے سال2023 تک 27 سال میں موصولہ کل 415,345شکایات میں سے 541،412کو حل کیا گیا ہے جس سے عوامی مسائل کے حل کا مجموعی ڈسپوزل ریٹ 99.32 فیصد رہا۔ ابتدا میں محتسب پنجاب کا صرف ایک دفتر لاہور میں تھامگراب صوبہ کے تمام اضلاع میں دفاتر قائم ہو چکے ہیں۔ اسی طرح محکمہ کے علاقائی دفاتر کیلئے اپنی عمارتیں بنانے کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور ناانصافی کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگانے اور حکومت پنجاب کو اصلاحی اقدامات کی سفارش کرنے کے لیے ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ ونگ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔میجراعظم سلیمان خان (ر)نے مزید آگاہ کیا کہ محتسب پنجاب کے دفتر کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے اورعوامی رہنمائی اور شکایات کے ٹیلیفونک اندراج کیلئے 7/24 ڈیجیٹل ہیلپ لائن 1050 کو متعارف کروایا گیا ہے۔ اسی طرح عوامی سہولت کیلئے اردو اور انگریزی زبان میں موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے جس سے عوام کو ان کی درخواست پر تمام کارروائی سے باخبر رکھاجاتا ہے۔ مزید براں بیرون ملک مقیم پاکستانی حکومت پنجاب کے محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے دفتر محتسب پنجاب کو اپنی شکایت موبائل ایپ یا ویب سائٹwww.ombudsmanpunjab.gov.pk پر درج کروا سکتے ہیں۔
0