تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب خفیہ معلومات پرآپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر ظفر عرف ظفری سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں درہ آدم خیل کا حسن اور افغانستان کے صوبہ ننگرہار کا انس عرف علی شامل ہیں، ظفرخان عرف ظفری اور اس کے ساتھیوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔ کارروائی کےلیے انٹیلی جنس ایجنسیز اور سیکیورٹی فورسز نے غیرروایتی آپریشنل طریقہ کار اختیار کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ظفری درہ آدم خیل کے گاؤں ملان کا رہائشی اور تحریک طالبان افغانستان کا سابقہ ممبر بھی تھا، ظفری 22 مئی 2023ء کو افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے پشاور واپس آیا تھا۔ دہشت گرد پاکستان میں 26 بڑے حملوں میں بھی ملوث رہا۔
حکام کے مطابق ظفری سیکیورٹی فورسز،کوئلے کے ٹھیکیداروں، تاجروں اور بااثر افراد کو ٹارگٹ کرتا تھا، دہشت گرد ظفری بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان سے کروڑوں ہتھیار چکا ہے۔ ہلاک دہشت گرد حسن خان سنائپنگ اور گرنیڈ حملوں کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔