جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم گیس پریشر میں کمی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہر سے ملحقہ علاقوں میں غیر معیاری سلنڈرز کی ریفلنگ کا دھندہ عروج پر، ناقص و غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت بھی جاری، غیر قانونی گیس ریفلنگ دکانوں کی بھرمار، کسی بڑے سانحہ کا خدشہ، سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔ شہریوں کا نگران وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق سردی کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی گیس کی بندش کے باعث سوئی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے گیس سلنڈرزکا استعمال بڑھ گیا ہے، ضلعی انتظامیہ سمیت سول ڈیفنس کے افسران و عملے کی عدم توجہی کے باعث شہر و گردونواح میں غیر معیاری سلنڈرز کی بھر مار ہوچکی ہے جس کے باعث کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے، غیر معیاری سلنڈرز کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی جانب سے تاحال کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔اندرون شہر کے علاقوں جن میں محمدی چوک روڈ، روہتاس روڈ چوک،مشین محلہ روڈ، کریم پورہ روڈ، بلال ٹاؤن،محمود آباد، جامعہ اثریہ روڈ، بورڈنگ محلہ، کالا گجراں، چونترہ، کھرالہ سمیت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری سلنڈروں کی ریفلنگ اور فروخت کا دھندہ زور و شور سے جاری و ساری ہے جس سے کسی بھی وقت کوئی بھی ناگہانی واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سلنڈر ری فلنگ کے دوران دھماکے سے نصف درجن کے قریب افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد آج بھی معذوری کی زندگیاں بسر کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے عملے کی غفلت و لاپرواہی اور عدم توجہی کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دوبارہ کسی بھی وقت کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔شہریوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب،کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
0