0

جہلم گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانے شہریوں کے لئے عذاب بن گئے،

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانے شہریوں کے لئے عذاب بن گئے، ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق، شہریوں کاضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں جابجا گنجان آبادیوں میں کباڑ خانے قائم ہو چکے ہیں جہاں نہ صرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں بلکہ وہاں مکھیوں مچھروں کی بہتات نظرآتی ہے جس سے ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق ہے، واضح رہے کہ کباڑخانوں کے مالکان پرانے ٹائروں اور فلٹرز کو آگ لگا کر لوہا نکالتے ہیں آگ سے فضائی آلودگی پھیلتی ہے، بالخصوص دمہ الرجی کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ محکمہ ماحولیات کے افسران محض خانہ پری کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوا دیتے ہیں اگر کوئی افسر کباڑ خانوں کے خلاف کا رروائیاں کرے تو کباڑیے اپنی یونین کی وساطت سے متعلقہ ذمہ داران کے ساتھ معاملات طے کرکے کیس ختم کروا لیتے ہیں عوامی، سماجی، شہری، رفاعی، فلاحی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں قائم کباڑ خانوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور ٹائر جلا کرآلودگی پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔