جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی قیادت میں سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد تحصیل پنڈ دادنخان، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر شہزادہ محمد اقبال تحصیل دینہ، کنٹرول روم انچارج صابر حسین جہلم، سینئر اکاؤنٹنٹ محمد شیراز، تمام تحصیلوں کے اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور دیگر سینئر آفیشلز نے شرکت کی۔ سال 2023 میں جہلم کے ریسکیورز نے اپنے بلند حوصلے اوربہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو1122 جہلم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18429لوگوں کو ریسکیو کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 12725 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا، اوسط ایمرجنسی رسپانس ٹائم 7.9منٹ رہا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 جہلم کنٹرول روم کو مجموعی طور پر93455 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے 16394ایمرجنسی کی کالز تھیں۔ ان میں 3175روڈ ٹریفک ایکسیڈینٹ، 10588میڈیکل ایمرجنسی، 221فائرایمرجنسی، 265کرائم کیس،14 ڈوبنے کے واقعات، 4 عمارتیں گرنے کے واقعات اور 2127متفرق ایمرجنسیز تھیں۔ مختلف ایمرجنسیز میں کل 654 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس(PTS) کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں سے2467 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیاگیا۔ اس موقع پر انچارج ریسکیو1122 جہلم انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122کے جوان کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ سال2023 میں ریسکیو 1122جہلم کو 47821 غیر ضروری کالز موصول ہوئی ہیں لہذا ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس نمبرپر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا کرنے سے کسی مستحق شخص جس کو سروس کی اشد ضرورت ہو،اس کی جان بھی جا سکتی ہے۔
0