0

جہلم ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفار آذاد)جہلم ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے صبح سویرے روہتاس روڈ، دینہ، ڈھوک عبداللہ، کرسچن کالونی، گھرمالہ یونین کونسل کا دورہ، صفائی کی صورتحال بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ نے شہر میں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرنے کیلئے صبح سویرے روہتاس روڈ، ڈھوک جمعہ، ڈھوک عبداللہ، کرسچن کالونی اور گھرمالہ کا دورہ کیا، ان کے ساتھ سی او ایم سی اور سینٹری انسپکٹر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف جگہ پر مصروف عمل سینٹری سٹاف سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی بارے معلومات حاصل کیں جبکہ کئی علاقوں میں اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ان کے مسائل معلوم کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہرکے ساتھ ساتھ دیہاتوں کی صفائی پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا شہریوں کوصاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔تاہم شہر میں زیر تعمیر سڑکوں پر کام کی رفتار اور تعمیر شدہ سڑکوں کے معیار کو پرکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا متعدد سڑکوں کو دورہ، مصروف عمل ٹھکیداروں اور متعلقہ حکام سے بریفنگ، کام جلد مکمل کرنے اور عوامی مشکلات کم کرنے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیرسڑکوں پر کام کی رفتار اور معیار کاجائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر نے سی ایم ایچ تا نوگراں روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ جادہ، محمدی چوک روڈ، بلال ٹاون روڈ کادورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹھکیداروں سے بریفنگ لی اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران اعلی معیار کو ہرصورت برقرار رکھنے اور کام کوجلد از جلد مکمل کرکے عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔تاہم انتہائی متحرک اور اپنے فرائض دلجمعی کے ساتھ سر انجام دینے والے سب ڈویڑنل فارسٹ آفیسر سید وقاص شاہ کا تبادلہ، بہترین خدمات پرشہری حلقوں کا خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں ساڑھے تین سال کا عرصہ گزارنے والے سب ڈویژ نل فارسٹ آفیسر سید وقاص شاہ کا گزشتہ روز تبادلہ ہو گیا، اپنی پوسٹنگ کے دوران انہوں نے محکمہ جنگلات میں بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے لاکھوں نئے پودے لگائے اور بجوالہ ریکارڈ شجر کاری مہمات کا انعقاد کیا۔ اس کے علاوہ لکڑی چوروں، وائلڈ لائف اور جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف درجنوں کاروائیاں کیں۔ شہر کے سماجی حلقوں نے سید وقاص شاہ کے ساڑھے تین سالہ دور میں بہترین کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کو محکمہ جنگلات کا اثاثہ قرار دیا ہے۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی لاروا کی پیدائش میں اضافہ مکمن ہے، اگر اس وقت احتیاط نہ کی گئی تو آئندہ چند روز میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اس لئے تمام محکمہ جات ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے ضروری اقدامات کو عملی شکل دے کر شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنائیں یہ بات ڈپٹی کمشنر نے موضع سعیلہ میں ڈینگی آگاہی مہم کے دوران محکمہ صحت کے عملہ اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے علاقے میں ڈینگی آگاہی مہم کا جائزہ لیا اور مختلف گلیوں میں جا کر شہریوں کوغیر ضروری پانی جمع نہ کرنے اور گندگی کو ختم کر کے صاف ستھرا ماحول رکھنے کی افادیت سے آگاہ کیا۔