0

جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم ملازمین کی رہائشی کالونی بھوت بنگلے میں تبدیل

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم ملازمین کی رہائشی کالونی بھوت بنگلے میں تبدیل، ڈی ایچ کیو کی منہدم ہوتی ہوئی کالونی رہائشیوں کے سروں پر خطرات کے سائے منڈلانے لگے، بوسیدہ کو ارٹروں میں رہائش پذیر ملازمین اپنی تنخواہوں میں سے ماہانہ ہاؤس کٹوا رہے ہیں۔طے شدہ معاہدے کے مطابق محکمہ صحت کی انتظامیہ نے ہر سال سرکاری کوارٹروں کی مرمت کروانا ہوتی ہے، محکمہ صحت کی جانب سے مرمت کے فنڈز مہیا نہ ہونے کے باعث رہائشی کالونی موہنجوداڑو کی منظر کشی کر رہی ہے، دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی قابل رحم ہے۔ارباب اختیار نے محکمہ صحت کی متعلقہ رہائشی کالونی سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے رہائشی کالونی میں مقیم ملازمین اور ان کے بچوں کے سروں پر خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں۔اس حوالے سے رہائشی کالونی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی انتظامیہ کو ہمارے بچوں پر ترس آنا چاہیے اور سرکاری کوارٹروں کی تواتر کے ساتھ سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کرنی چاہیے تاکہ ہمارے بیوی بچے محفوظ طریقے سے زندگیاں بسر کر سکیں۔