0

جہلم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر شکایات کے لئے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا،

جہلم(چوہدری عابد محمود +سیدناصر محمود)جہلم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر شکایات کے لئے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا، شکایت سیل کے ذمہ داران نے سائلین کو لالی پاپ دیکر ٹرخانہ شروع کردیا۔شہری سراپا احتجاج، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر کے تاجر چوہدری بشارت نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے ہفتے میری موٹر سائیکل میرے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی جس کی بروقت اطلاع میں نے تھانہ سول لائن پولیس کو دی، اگلے روز مجھے پتا چلا کہ تھانہ صدر پولیس نے ٹاہلیانوالہ روڈ سے میری موٹر سائیکل اٹھا کر تھانہ صدر منتقل کردی ہے، اس طرح جب میں نے تھانہ سول لائن رجوع کیا تو انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل میں پٹرول ختم ہونے کیوجہ سے موٹر سائیکل چور موٹر سائیکل ٹاہلیانوالہ سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے جس کی اطلاع مقامی افراد نے تھانہ صدر میں دی،میں نے حصول سپرداری کے لئے معزز عدالت سے رجوع کیا تو تھانہ سول لائن اور تھانہ صدر پولیس نے مجھے فٹ بنا لیا، ہم کارروباری لوگ ہیں صبح سے شام تک تھانوں کے باہر اپنی اشیاء کے حصول کے لئے انتظار نہیں کر سکتے۔ہم نے محنت مزدور کرکے بچوں کا پیٹ پالنا ہوتا ہے،مسلسل 3 روز تھانہ سول لائن اور تھانہ صدر میں دھکے کھانے کے بعد اپنی فریاد لیکر ڈی پی او دفتر گیا جہاں پر شکایت سیل کے انچارج نے مجھے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کے سامنے پیش کرنے کی بجائے لالی پاپ دیکر ٹرخا دیا۔متاثرہ تاجر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ سے مطالبہ کیاہے کہ کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کو ذلیل وخوار کرنے کی بجائے کھلی کچہری میں پیش کیا جائے تاکہ سائلین اپنی مشکلات افسران کو بیان کرکے مشکلات سے چھٹکارہ حاصل کریں اور تھانوں میں 70 کی دہائی کی سوچ رکھنے والے افسران وملازمین کو پولیس لائن ٹرانسفر کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف مہیا ہو سکے۔