جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان، شہر میں ریڑھی باز پیا ز کی قیمت 200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنے لگے۔ روز بروز پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ رواں ماہ پیاز کی قیمت میں 10 سے 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔سرکاری قیمت 150 روپے مقرر، گراں فروشی پر شہری سراپا احتجاج، تفصیلات کے مطابق روز بروز پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ شہر سمیت ضلع بھر میں پیاز کی سرکاری قیمت 150 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ دکاندار اور ریڑھی بان 170/200 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کرر ہے ہیں چیک اینڈ بیلنس کا نظام بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، شہر کے دکاندار اور ریڑھی بان من مرضی کے نرخوں پر پیاز فروخت کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پہلے ایک روٹی پر پیاز رکھ کر کھا لیتے تھے، اب وہ بھی ممکن نہیں رہا‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ پیاز کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہوتاجا رہا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کاکہنا ہے کہ پیاز کی قیمت میں اضافے کی بنیاد ی وجہ پیاز کی ملکی سطح پر کاشت کا نہ ہونا ہے، آبادی کے تناسب سے پیاز کی مانگ میں اضافے کے پیش نظر منافع خوروں نے بھی گوداموں میں سٹاک کیا ہوا پیاز مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی سطح پر کاشت کاروں کو مضبوط بنانے کے لئے سہولیات مہیا کی جائیں اور انہیں ارزاں نرخوں پر کھاد اور منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں جس سے پیاز کی قیمت کو کنٹرول کیا جاسکے، انتظامیہ کو چاہیے کہ دکانداروں کے گوداموں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے، اضافی سٹاک کرنے والے مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مہنگائی اور گراں فروشی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0