0

جہلم پنجاب کے مختلف صوبائی محکموں کے کرپٹ ملازمین کیخلاف جوڈیشل ایکشن کی منظوری

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم پنجاب کے مختلف صوبائی محکموں کے کرپٹ ملازمین کیخلاف جوڈیشل ایکشن کی منظوری،ملازمین کے خلاف رشوت لینے، فراڈ کرنے اوراختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات میں مقدمات درج ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے کرپٹ سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی سختی سے ہدایت کر دی، اس حوالے سے ڈائریکٹرز اینٹی کرپشن کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے مختلف محکموں کے کرپٹ سرکاری ملازمین جن میں محکمہ مال، بلدیات، محکمہ پولیس، پراونشل ہائی وے، محکمہ بلڈنگ، بورڈ آف ریونیو، لوکل گورنمنٹ،محکمہ انہار، محکمہ تعلیم،محکمہ خوراک محکمہ جنگلات،محکمہ ایکسائز، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ زراعت کے بھی بعض سرکاری ملازمین کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمات درج ہیں جن کے خلاف پنجاب بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیاہے۔ تاہم ڈی جی اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر کے تمام ڈائریکٹر ز کو کرپٹ سرکاری ملازمین جن کے خلاف مقدمات درج ہیں ان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرنے کی ہدایت کی ہے علاوہ ازیں جن سرکاری ملازمین کے خلاف رشوت لینے اور اختیارات کا ناجائز استعمال میں کارروائیاں چل رہی ہیں ان کو بھی جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے مذکورہ سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چھٹہ نے اینٹی کرپشن کے افسران کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست گزاروں کے ساتھ اپنا رویہ بہتر رکھیں اور ان کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں اور سائلین کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں اور میرٹ پر عمل کریں تا کہ درخواست گزاروں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے اور ان کی داد رسی ہو سکے علاوہ ازیں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے بھی خصوصی مہم شروع کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی ہے اور کرپشن کے میگا اسکینڈلز کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ علاوہ ازیں کرپٹ سرکاری ملازمین کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں تاکہ سرکاری اداروں میں ہونے والی مالی بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ختم ہو سکے۔