0

جہلم پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارایم این ایز کا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم پی ٹی آئی کی اپیل پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارایم این ایز چوہدری حسن عدیل، مرزا شوکت اقبال و دیگر کی قیادت میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے مینڈیٹ کو واپس کیا جائے اور انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کیا جائے، اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، احتجاجی مظاہرین سے مقررین نے کہا کہ عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا موقع دیا جانا جمہوریت کا اولین تقاضا ہے جس سے قوم کو محروم رکھا جا رہا ہے، پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان چھینا گیا اور لیول پیلینگ فیلڈ سے محروم رکھا گیا جس کے باوجود قوم نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا،انتظامی ہتھکنڈوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے جو عمران خان کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے، ایٹمی صلاحیت کا حامل اور تیل گیس سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال ملک دہشتگردی، بدامنی، مہنگائی، معیشت کی تباہی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے جن سے نجات کا واحد راستہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے اقتدار پی ٹی آئی کو سونپے جانے میں مضمر ہے کیونکہ دیانتدار قیادت کو برسر اقتدار لا کر ہی ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ رواں ماہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات کے باعث پی ٹی آئی کو ایوان اقتدار سے باہر رکھ کر نئی بننے والی حکومت سیاسی طور پر مستحکم نہیں ہوگی ہمارا احتجاج کا سلسلہ اسوقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارا مینڈیٹ واپس نہیں دیا جاتا۔