جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم حکمرانوں نے الیکشن میں عوام کو مہنگائی کم کرنے اور بجلی وسوئی گیس کے نرخوں میں ریلیف فراہم کرنے کے جو سبز باغ دکھائے اس کے برعکس ٹیکسوں کی بھر مار بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، اشیاء خوردو نوش کے نرخ کئی گنا بڑھ گئے، بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے غریب محنت کش اور تنخواہ دارطبقہ کیلئے 2 وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے ان خیالات کا اظہار شہر کی مزدور تنظیموں کے عمائدین نے اپنے ایک بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں عوام پس رہے ہیں کوئی پرسانِ حال نہیں، حالیہ بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے سے اشیا ضرور یہ کی قیمتیں بھی بڑھادی گئی ہیں عام آدمی کی زندگی مہنگائی کی وجہ سے اجیرن ہوکر رہ گئی ہے، انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے فروری 2024 کے انتخابات کے دوران3 سو بجلی کے یونٹ مفت دینے کا وعدہ کیا اور مہنگائی پر قابو پانے غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے لیکن تمام تر دعوے اور وعدے انتخابی نعروں تک محدود دکھائی دے رہے ہیں۔بے روزگاری، مہنگائی میں روز بروز مزید اضافہ ہو رہا ہے اب تو بجلی کے بل ادا کرنا عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی لوگ تین سو یونٹ فری کے انتظار میں ہیں کہ ہمارے حکمران کب اپنے وعدوں پر عملدرآمد کریں گے۔
0