0

جہلم نگران حکومت کے ذریعے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند نہ ہو سکا

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم نگران حکومت کے ذریعے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند نہ ہو سکا۔ لرنر لائسنس کی فیس جو پہلے 60 روپے وصول کی جاتی تھی، کل سے لرنر کیلئے 500 روپے وصول کیئے جائیں گے۔ موٹر سائیکل لائسنس کی 5 سالہ فیس 550 روپے مقرر تھی اب ہر سال 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ موٹر سائیکل رکشہ لائسنس کی 5 سالہ فیس 550 سے بڑھا کر سالانہ 500روپے کردی گئی۔ موٹر کار جیپ کی 5 سالہ فیس 950 سے بڑھا کر سالانہ 1800 روپے کر دئیے گئے۔ موٹر کار، جیپ کے ڈرائیونگ ہولڈر 1800 روپے ادا کریں گے۔ لائٹ ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 950 تھی، اب 2000 روپے سالانہ ادا کرنا ہونگے۔ ہیوی ٹرانسپورٹ کی پانچ سالہ فیس 450 تھی، اب سالانہ 2000 روپے دینے ہونگے۔ ٹریکٹر لائسنس کی فیس 450 سے بڑھا کر، 1000 روپے سالانہ ہوں گے۔ کمرشل ٹریکٹر کی 5 سالہ فیس 450 سے بڑھا کر 1500 روپے، پبلک سروس وہیکل کی 5 سالہ فیس 450 سے بڑھا کر ہر سال 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ باقی کیٹیگریز کے وہیکل کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کل سے جہلم سمیت پنجاب بھر میں نئی فیسوں کا اطلاق ہو جائے گا۔ شہریوں نے نگران حکومت کے دور میں بجلی، گیس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور اب ٹرانسپورٹ کی فیسوں میں غیر معمولی اضافے کو نا قابل قبول، غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے نگران حکومت کو ایسے اقدامات سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غریب، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیورز اپنے بچوں کو رزق حلال کما کر روٹی مہیا کرسکیں۔