0

جہلم محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر کے باہر ٹاؤٹ مافیا کا راج،

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر کے باہر ٹاؤٹ مافیا کا راج،شہری ذلیل وخوار ہونے لگے۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفترکے باہر ٹاؤٹوں نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔دفتر آنے والے سائلین کو عملہ مختلف اعتراضات لگا کر فارغ کردیتا ہے، اس طرح جائز کام کروانے کے لیے بھی شہریوں کو ٹاؤٹ مافیا کے ساتھ معاملات کرنے پڑتے ہیں۔ جس کی وجہ سے سائلین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر کے باہر موجود ٹاؤٹ مافیا نے سائلین سے مک مکا کرنے ریٹ مختص کررکھے ہیں اس طرح ٹاؤٹ مافیا کی خواہشات کا احترام کرنے والے سائلین کا کام آنکھ جھپکنے سے پہلے کر دیا جاتا ہے۔ ایکسائز دفتر کے اندر موجود ملازمین نے دفتر کے باہر موجود ٹاؤٹ مافیا کے ساتھ کوڈ ورڈ استعمال کرکے کام کی رقم بتا دی جاتی ہے۔ اس طرح سائل کا ہر جائز و ناجائز کام فوراً سے پہلے ہو جاتا ہے۔سائلین کا کہنا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا عملہ باہر بیٹھے ٹاوٹ مافیا کیساتھ ملا ہوا ہے جس کی وجہ سے معاملات نہ کرنے والے سائلین کو مسلسل چکر لگوائے جاتے ہیں اس کے علاوہ سائلین کا کہنا ہے کہ ملازمین نے ٹاؤٹوں کے ساتھ معاملات طے کررکھے ہیں جو سائل ٹاؤٹ کے ساتھ مک مکا کرلے اس کا کام فوراً کر دیا جاتا ہے، باقی سائلین کو ذلیل و خوار کیا جاتا ہے۔ شہرکی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔