0

جہلم قدیمی ورثاء گوردوارہ بھائی کرم سنگھ محکمہ اوقاف کی عدم توجہی کے باعث تباہی کے دہانے پر

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)دریائے جہلم کے سنگم پر واقع قدیمی ورثاء گوردوارہ بھائی کرم سنگھ محکمہ اوقاف کی عدم توجہی کے باعث تباہی کے دہانے پر۔بارہا نشاندہی کے باوجود گوردوارہ بھائی کرم سنگھ پر توجہ نہ دی جاسکی۔ متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران نے کھڑکیاں، دروازے، شہتیر وغیرہ غائب کر دیئے، گوردوارہ بھائی کرم سنگھ”کی عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ مرمت کروائی جائے تاکہ تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق دریا ئے جہلم کے سنگم پر صدیوں پرانا قائم قدیمی لوک ورثاء گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کے نام سے پہنچانا جاتا ہے، “دریائے جہلم” کے سنگم پر واقع خوبصورت “گوردوارہ بھائی کرم سنگھ” تقسیم پاک و ہند سے قبل گردونواح کے سکھ کشتیوں کے ذریعے عبادت کے لیے آتے، جو چند برس قبل تک سی آئی اے سٹاف کے زیر استعمال رہا، سابق حکومت نے گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کو خالی کروایا اور یہ عمارت آثارِ قدیمہ کے سپرد کی گئی تاکہ اس تاریخی ورثے کی تزئین و آرائش کے بعد اسے میوزیم میں تبدیل کردیا جائے اور سیاحتی مقام میں شامل کردیاجائے۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی گوردوارہ بھائی کرم سنگھ پر ہونے والا کام بھی روک دیا گیا۔جس کیوجہ سے یہ تاریخی عمارت اب کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہے۔ یہ تاریخی ورثہ برسرِ اقتدار آنے والے تمام حکمرانوں کی نظروں سے اوجھل ہے اس تاریخی عمارت کی تزئین و آرائش کرکے لاکھوں روپے کاریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے حکومت وقت اور محکمہ اوقاف سے گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کی تزئین و آرائش کرنے اور قیمتی اشیاء چوری کرنے والے ملازمین و شہریوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔