0

جہلم ضلع بھر کے کسی بھی روٹ پر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہ کی

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم ضلعی انتظامیہ کی کوششیں دھری کی دھری رہ گئیں، ضلع بھر کے کسی بھی روٹ پر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہ کی، مسافر ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور، شہریوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ ڈپٹی کمشنر سے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں چلنے والی مسافر گاڑیوں کے مالکان اور عملے نے 1 ماہ سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود آج تک سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی نہیں کی بلکہ من مرضی کے کرایے وصول کرکے غریب،سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی جیبوں کا صفایا کیا جا رہاہے، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے،جس کی وجہ سے مسافر ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹنے پرمجبور ہیں، مسافروں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب، چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ ڈپٹی کمشنر سے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی کرنے اور گاڑیوں کے اندرنمایاں جگہوں پر کرایے نامے آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مسافر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھا سکیں۔