جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم ضلع بھرکے سیاستدانوں کے وعدوں کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال برن یونٹ سے محروم، مریضوں کو کھاریاں اور لاہور ریفر کیاجانے لگا۔بیشتر مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔شہریوں کا سول ہسپتال میں برن یونٹ کے قیام کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کے عوام دور جدید میں بھی برن یونٹ سے محروم۔ ضلع کی چار بڑی تحصیلوں، دینہ، سوہاوہ، پنڈدادنخان، جہلم کے لاکھوں نفوس پر مشتمل افرادآج کے ترقی یافتہ دور میں بھی برن یونٹ کی سہولت سے محروم ہیں، اکثر اوقات جلنے کے واقعات رونما ہو تے رہتے ہیں، جن میں زیادہ تر مریضوں کوکھاریاں، راولپنڈی اور اکثر اوقات لاہور بھجوا دیاجاتا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث سینکڑوں قیمتی جائیں لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ برن یونٹ کے لیے حکومت اور سیاستدانوں کی جانب سے اکثر اوقات وعدے کئے گئے لیکن عملی جامہ نہ پہنایا جا سکا۔جبکہ برن یونٹ ہر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انتہائی ضروری اور اہمیت کا حامل ہے لیکن بدقسمتی سے سیاست دان عوام کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل برن یونٹ پر سیاست کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ضلع بھر کے عوام نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ سمیت ارباب اختیار سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال برن یونٹ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
0