جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر کے وسط میں واقع شاندار چوک میں رات گئے تک ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔ٹریفک پولیس کی موجودگی میں چنگ چی رکشہ ڈرائیوں نے چوک کے چاروں اطراف خود ساختہ اڈے قائم کر لئے۔ ٹریفک پولیس خاموشی تماشائی، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی پی او جہلم سے شاندار چوک میں قائم غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ ختم کروانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے وسط میں واقع شاندار چوک کو بااثر رکشہ ڈرائیوروں نے رکشہ اسٹینڈ میں تبدیل کررکھا ہے جس کیوجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے اور چھوٹی گاڑیاں لے جانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر کوئی موٹر سائیکل سوار یا چھوٹی گاڑی کا ڈرائیور رکشہ ڈرائیوروں کو رکشے سائیڈ پر کھڑے کرنے کا کہے تو درجنوں رکشہ ڈرائیورز حملہ آور ہونے کے ساتھ ساتھ گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے پر اترآتے ہیں جبکہ شاندار چوک کے ایک کونے میں موجود ٹریفک پولیس کے ذمہ داران شہریوں کا تماشہ دیکھتے نظرآتے ہیں۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ذمہ داران نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے۔ جس کیوجہ سے سارا دن شاندار چوک میں ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ ایمبولنسسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی راستہ نہ ملنے کیوجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ شاندار چوک میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروائے جائیں اور چوک میں قائم ہونے والے خود ساختہ رکشہ اسٹینڈ ختم کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0