جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر سمیت گردونواح میں آوارہ کتوں کی بھر مار، دن بدن کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ‘شہری خوف میں مبتلا’ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل خاموشی میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان؟ اندرون شہر کے علاقوں اسلام پورہ، کریم پورہ، محمود آباد، بلال ٹاؤن،پروفیسر کالونی، شمالی محلہ، باغ محلہ، کالا گجراں، کشمیر کالونی کے علاقے آوارہ کتوں کیوجہ سے علاقہ مکینوں کیلئے خطرناک بن چکے ہیں،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے دوسرے بڑے ضلع جہلم میں آوارہ کتوں کا دن رات سڑکوں، گلی محلوں میں مٹر گشت جاری ہے جبکہ شہر کے بڑے قبرستانوں جن میں مرکزی قبرستان، کریم پورہ قبرستان، جادہ قبرستان، چونترہ کھرالہ قبرستان، بابا مہدی شاہ قبرستان سمیت کئی قبرستانوں میں آوارہ کتوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جہاں جنازوں میں شرکت کیلئے آنیوالے افراد بھی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔علاوہ ازیں شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث علاقہ مکین آئے روز کتوں کے حملوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جبکہ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
0