0

جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی قلت صارفین کی چیخیں نکل گئیں

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیر احمد راجہ)جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی قلت صارفین کی چیخیں نکل گئیں۔ کمپریسر مافیا بھی عوام کا استحصال کرنے میں سر فہرست،لکڑی اور کوئلہ کی قیمتیں بھی کنٹرول سے باہر، ایل پی جی عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور، غریبوں کو جان کے لالے پڑ گئے۔ رہی سہی کسر نانبائیوں نے روٹی کی قیمتیں آسمان پر پہنچا کر پوری کر دی، شہریوں کا نگران وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہو چکا ہے سخت سردی میں ہیٹر وغیرہ کی گیس پوری کرنا تو در کنار خواتین کو گھروں میں کھانا پکانے کے لیے بھی گیس کا شعلہ تک دستیاب نہیں اوپر سے صاحب حیثیت افراد نے سوئی گیس کی شارٹیج کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپریسر لگا کر اپنا حصہ ڈالنا شروع کر رکھا ہے۔شہرکی سماجی، رفاعی،فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے نگران وزیر اعظم پاکستان سے بلا تعطل گیس کی فراہمی اور گیس کمپریسر لگانے و فروخت کرنے والے افراد اورانکی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔