جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں سوئی گیس ناپید، گھروں، ہوٹلوں، شادی ہالزمالکان نے محکمہ سوئی گیس کے عملے کی سرپرستی میں کمپریسر لگا لئے۔ محکمہ سوئی گیس کے متعلقہ افسران کی چشم پوشی صارفین کے لیے وبال جان بن گئی۔ صارفین نے انچارج سوئی گیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں بااثر افراد نے جدید قسم کے کمپریسر لگا کر عام صارفین کے لئے مشکلات پید اکررکھی ہیں، جس کیوجہ سے متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے صارفین گیس سے محروم ہو کررہ گئے ہیں، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جو نہی سردی نے زور پکڑا ہے شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں گیس سپلائی میں تعطل بڑھتا جارہا ہے جس بارے متعدد بار محکمہ سوئی گیس کے افسران کو تحریری و ذبانی طور پر آگاہ کیاگیا لیکن عملے کی چشم پوشی کیوجہ سے بااثر افراد نے گھروں، کارروباری مراکز میں کمپریسرنصب کرکے عام صارفین کے لئے مشکلات پیدا کررکھی ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی شخص کمپریسر استعمال نہیں کر سکتا۔ جبکہ کارروباری افراد نے دیدہ دلیری کے ساتھ کمپریسر لگا کر عام شہریوں کو گیس سے محروم کررکھا ہے۔ جو کہ متوسط طبقہ کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے، شہریوں نے نگران وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ایماندار افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0