جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گیس سلنڈرز کی ری فلنگ کا غیر قانونی دھندہ عروج پر، مضافاتی اورشہرکے اندرونی علاقوں، گلی محلوں سمیت سڑکوں پر قائم غیر قانونی گیس ری فلنگ کی دکانیں شہریوں کیلئے خطرے کی علامت بن گئیں۔ غیر قانونی گیس ری فلنگ کے دوران متعدد جان لیوا حادثات رونما ہو نے کے باوجود ڈپٹی کمشنر، محکمہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے میں بری طرح ناکام۔ شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی و شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر اور سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے با اثر افراد اور قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے علاقوں میں گیس سلنڈرز کی ری فلنگ اور منی پٹرول پمپس کا غیر قانونی دھندہ عروج پرپہنچ چکا ہے شہر کے رہائشی مقامات اور مضافاتی علاقوں میں قائم گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ اور منی پٹرول پمپس شہریوں کیلئے خطرے کی علامت بن چکے ہیں۔ گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ کے دوران متعدد جان لیوا حادثات رونما ہوجانے کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے قانون شکن عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ چند ماہ قبل کالا گجراں جی ٹی روڈ سے ملحقہ ہوٹل کے تہہ خانے میں گیس ری فلنگ کے دوران ھونے والے دھماکے میں متعدد افرادزخمی اور جاں بحق ہوگئے تھے مگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود واقع میں ملوث سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف پولیس نے مقدمات درج نہیں کئے جس کیوجہ سے متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران کی سرپرستی میں مکروہ دھندہ ایک مرتبہ پھر اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی و شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سے با اثر افراد سمیت ان کی پشت پناہی کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
0