جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم شہیدوں، غاذیوں، اوورسیز پاکستانیوں کی سرزمین جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کے وار جاری،عوام کیلئے سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی خریداری خواب بن کر رہ گئی، حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے سبزیوں کی قیمتوں میں کوئی خاطر خواہ کمی نہ لائی جاسکی جبکہ رہی سہی کسر منافع خوروں نے پوری کر دی پیاز کی قیمت میں 30/40 روپے جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 20/30 روپے اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گرانفروشی گزشتہ روز بھی اپنے عروج پر رہی انتظامیہ کے تمام تر دعوؤں کے باوجود بھی گرانفروشی پر قابو نہ پایا جا سکا اور گزشتہ روز بھی سبزیاں اپنے مقررہ نرخوں سے زائدقیمتوں پر فروخت کی جاتی رہیں سستے داموں معیاری سبزیوں کی خریداری عوام کیلئے خواب بن کر ہی رہ گئی۔ گزشتہ روز سر کاری نرخ ناموں کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 130 روپے مقرر ہے تاہم بازاروں میں 150 روپے سے 180 روپے تک فروخت ہوتے رہے اس طرح آلو100 کی بجائے 140 روپے، ٹماٹر120 کی بجائے 150 روپے، لہسن چائنہ 580 کی بجائے 650، بند گوبھی 90کی بجائے 120 روپے، پھول گوبھی 75کی بجائے 100سے 110 روپے، سبز مرچ 70 کی بجائے100 روپے تک فروخت ہوتی رہی۔انتظامیہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے سب اچھا ہے کی رپورٹس بجھوا کر بری الذمہ دکھائی دیتی ہے۔
0