0

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم بیکریوں اور انکے کارخانوں میں صفائی ستھرائی کا معیار انتہائی ناقص

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم بیکریوں اور انکے کارخانوں میں صفائی ستھرائی کا معیار انتہائی ناقص، جبکہ مٹھائی اور بیکری مصنوعات کی تیاری میں معیاری گھی، چینی کی جگہ کیمیکل وغیرہ استعمال کرنے سے شہریوں میں بیماریوں پھیلنے کا سبب بن رہی ہیں، مٹھائی یا بیکری کی مصنوعات پر مدت استعمال کی تاریخ بھی درج نہیں کی جاتی، استفسار پر شہریوں کو بیکری مالکان کی طرف سے کھری کھری سنادی جاتی ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں، شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ضلع بھر میں قائم بیکریوں، سویٹس شاپس اور انکے کارخانے ایسے ہیں کہ جن میں صفائی ستھرائی کا کوئی معقول انتظام نہیں ہر سو بدبو اور کچرا ان کارخانوں کی پہچان بنا ہوا ہے، جبکہ غیر معیاری اشیاء سے بیکری مصنوعات کی تیاری دیدہ دلیری کے ساتھ کی جارہی ہے، جن میں خصوصاً غیر معیاری گھی مضر صحت دودھ، چینی کی جگہ دیگر کیمیکلز اور ناقص کریم وغیرہ استعمال کی جاتی ہیں، جن کے استعمال سے شہری متعدد بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، ضلع بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی و چشم پوشی کے باعث مضر صحت اشیاء کی فروخت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔جن کے استعمال سے مریضوں کی تعداد دوسرے شہروں کی نسبت ضلع بھر میں زیادہ ہے،دوسری جانب مضافاتی علاقوں کے دکانداروں نے مصنوعات پر زائد المعیادمدت کی بھی کوئی تاریخ درج نہیں کی ہوتی جو کہ قانوناً جرم ہے مگر یہ سر عام اور دیدہ دلیری کے ساتھ ہو رہاہے، شہریوں کے احتجاج پر کبھی کبھار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران ان بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں پر خانہ پوری کرنے کے لئے فرضی چھاپے مارکر افسران بالا کوسب اچھا ہے کہ رپورٹس بھجوا دیتے ہیں شہریوں نے بیماریاں پھیلانے کی اجازت دینے والے ذمہ داران سمیت ناقص و غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے بیکری مالکان کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔