جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ادویات کی قیمتیں آسمانوں پر، ادویات عوام کی قوت خرید سے باہر، غریب لوگوں کو علاج معالجہ کرانا اور ادویات خریدنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا جبکہ حکومت 262 ادویات کی قیمتیں مزید 15 سے 125 فیصد تک بڑھانے کی تیاریاں کرنے میں مصروف ہے۔ بڑھتی مہنگائی کے ساتھ ساتھ ادویات ساز کمپنیوں نے بھی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ دل کے امراض، ہیپا ٹائٹس، شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر امراض کی ادویات کی خرید لوگوں کی سکت سے باہر ہو گئی۔ جان بچانیوالی ادویات خریدنے کی سکت نہ ہونے کے باعث غریب لوگ گھروں میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرنے پر مجبور۔ سرکاری علاج گاہوں سے بھی جان بچانیوالی ادویات سمیت دیگر ادویات غریب عوام کو دستیاب نہیں۔ نہ پرائیویٹ مہنگا علاج معالجہ کرانے اور نہ مہنگی ادویات خریدنے کی سکت رکھتے ہیں اور دوسری جانب حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کے حوالے سے بھی نوید سنادی ہے، جس سے غریب عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ اس طرح غریب لوگوں کا جینا مشکل ہو جائے گا۔ لوگ پہلے ہی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ ہو کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ارباب اختیار سے ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد کمی کا مطالبہ کیاہے۔
0