جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم شہر اور گردونواح میں ناقص و غیر معیاری پھل اور سبزیوں کی فروخت عروج پر، ریڑھیوں پر فروخت ہونے والی سبزیاں اور پھل باسی ہونے کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں، گاہکوں کی باز پرس پر دکاندار بدتمیزی دنگا فساد کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے گلی محلوں اور سڑکوں پر لوڈر رکشوں پر قائم سبزی، فروٹ کی موبائل دکانیں سبزیاں پھل فروٹ فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنی الگ ریاست قائم کر رکھی ہے۔باسی، ناقص مضر صحت پھل و سبزیاں مہنگے داموں فروخت کرنا دکانداروں و ریڑھی بانوں کا شیوا بن چکا ہے، ناقص و غیر معیاری سبزیاں استعمال کرنے سے بزرگ، معصوم بچے پیٹ اور گلے کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت باسی پھل و سبزیاں فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کروایا جائے اور حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر سبزی و فروٹ کی فروخت یقینی بنائی جائے تا کہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق تازہ سبزیاں و پھل سرکاری نرخوں پر خر ید کر استعمال کر سکیں۔
0