جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم سول ڈیفنس کی سرپرستی میں گیس سلنڈر ایل پی جی ری فلنگ کا غیر قانونی دھندہ جاری، نواحی علاقوں میں ری فلنگ کی دکانیں موجود ہونے سے کسی وقت بھی کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ناقص و غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت بھی دھڑلے سے جاری، متعلقہ محکمہ کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کیمطابق شہر سمیت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں گیس ری فلنگ کا دھندہ عروج پر، گیس ری فلنگ کرنے والے بااثر افراد دیدہ دلیری سے اپنا غیر قانونی دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی سرپرستی سول ڈیفنس کے افسران و ملازمین کر رہے ہیں، قابلِ زکر بات یہ ہے کہ ری فلنگ میں انتہائی دیسی ناقص آلات استعمال کئے جاتے ہیں اور نا تجربہ کاری کے ساتھ ساتھ کھلی گیس اور ایل پی جی ری فلنگ کا خوفناک کارروبار کھلے عام انتہائی تنگ دکانوں کے اندر کیا جارہا ہے شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں یہ دھندہ دیدہ دلیری کے ساتھ جاری و ساری ہے اس سے قبل شہراور تحصیل دینہ، سوہاوہ کے علاقوں میں گیس ری فلنگ کے دوران آگ بھڑکنے سے جانی و مالی نقصانات بھی ہو چکے ہیں لیکن پھر بھی سول ڈیفنس کے ذمہ داران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اس خطر ناک کاروبار کے نتیجے میں اکثر و بیشتر گیس سلنڈر پھٹنے اور آتشزدگی کے واقعات رونما ہونے سے مقامی رہائشیوں میں شدید خوف حراس پایا جاتا ہے گنجان آبادیوں میں قائم گیس فلنگ کی دکانیں کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ گیس ری فلنگ کے کارروبار سے منسلک افراد کو ویران جگہوں پر منتقل کیا جائے اور ایس او پیز کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔
0