0

جہلم سمیت پنجاب کے صوبہ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات یکم مارچ 2024 سے شروع ہوں گے

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم سمیت پنجاب کے صوبہ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات یکم مارچ 2024 سے شروع ہوں گے جس کے شیڈول کی منظوری دیدی گئی، تمام پرائیویٹ سکولز کے سربراہان کو بھی بر وقت شیڈول کے مطابق داخلے جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔پنجاب ایجو کیشن بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں آئندہ سال میٹرک کے سالانہ امتحانات 2024ء کے نئے شیڈول کو منظورکرلیا گیا ہے، جس کے تحٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک (دسویں کلاس) کے سالانہ امتحانات کا آغاز بیک وقت یکم مارچ 2024ء سے ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ میٹرک کا امتحان دینے کے خواہشمند طلبا و طالبات سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 15 نومبر سے 12 دسمبر تک، ڈبل فیس کے ساتھ 13 دسمبر سے 25 دسمبر تک اور تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم 26 دسمبر سے 3 جنوری تک جمع کرواسکتے ہیں تاہم 3 جنوری کے بعد کوئی داخلہ فارم وصول نہیں کیا جا ئے گا۔