0

جہلم سمیت ضلع بھر میں آئے روز ہونے والی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی

جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم سمیت ضلع بھر میں آئے روز ہونے والی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، گیس، بجلی، اشیائے خوردونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں غریب جائے تو کہاں جائے موجودہ مہنگائی نے غریبوں کی خواہشات کو ریزہ ریزہ کر کے رکھ دیا، ان خیالات کااظہارجہلم کے شہریوں نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت بڑے بڑے نعرے لگا کر قوم کو سبز باغ دکھا کر اقتدار میں آئی اور حکومت بنانے کے بعد عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا جاتا ہے، یہ سلسلہ اگر اسی طرح جاری رہا تو پھر غریب ختم ہوجائیں گے بلکہ ملک سے غربت کا نام و نشان مٹ جائیگا۔ شہریوں نے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ تھیں کہ اس حکومت کے آنے کے بعدغریب بھی سکھ کا سانس لے سکیں گے۔ لیکن ایساہوتا دکھائی نہیں دیتا، انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ غریب کی طرف بڑھتے ہوئے مہنگائی کے طوفان کو روکا جائے ورنہ غریب کا سانس لینا بھی مشکل ہو جائیگا۔