0

جہلم سحری اور افطاری کے اوقات گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم محکمہ سوئی گیس کی جانب سے رمضان المبارک میں گیس مکمل پریشر کے ساتھ فراہم کرنے کے اعلانات کے باجود شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں سحری اور افطاری کے اوقات گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا، صارفین نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے اور گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں گیس مکمل پریشر کے ساتھ فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن سحر و افطار کے وقت گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، گزشتہ روزبھی گیس کے کم پریشر کی وجہ سے بیشتر علاقوں کے افراد سحری کا سامان تیار نہ کر سکے اور صارفین کو مجبوراً بازاروں سے سامان منگوا کر سحری کرنا پڑی سحری کے وقت شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم رہا صارفین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سحری کے وقت گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے گئے اور گزشتہ ماہ ہزاروں روپے کے بلز بھی وصول کئے گئے، لیکن اس کے باوجود بھی گیس کے کم پریشر سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صارفین نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے اوررمضان المبارک میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔