0

جہلم دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے ہوا میں اڑا دئیے

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث فروٹ و سبزی فروش اور روزمرہ کی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے ہوا میں اڑا دئیے،افسران نے سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کا جائزہ لینا بھی چھوڑ دیا، ناجائز منافع خوری کے باعث صارفین کی قوت خرید جواب دیکر رہ گئی۔انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہر سمیت ضلع بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں اشیائے خوردو نوش سمیت روز مرہ کی اشیاء فروخت کرنے والے آڑھتیوں نے الگ ریاست قائم کر رکھی ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں کو کنٹرول میں کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، ضلع بھر میں انتظامیہ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کر رکھے ہیں تاکہ اشیاء خودونوش حکومت کے مقررکردہ نرخوں کے مطابق فروخت کی جائیں لیکن چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کے باعث دکانداروں نے من مرضی کے نرخوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنی شروع کر رکھی ہیں، شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمران ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کے نرخ مقرر کرکے اس پر عملدرآمد کرواتے تھے جبکہ موجودہ حکومت نے آڑھتیوں اور دکانداروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس کیوجہ سے ہر دکاندار نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے اشیاء خوردونوش فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں، جس کیوجہ سے غریب، دیہاڑی دار،سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہو رہاہے، شہریوں نے موجودہ صورت حال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں پھلوں سمیت روزمرہ کے استعمال کی تمام اشیاء کے نرخ کنٹرول کرنے کیلئے سرکاری افسران کو منڈیوں میں اپنی موجودگی میں بولی کروانے کا پابند بنایا جائے۔ سرکاری افسران اپنی موجودگی ظاہر کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی تصویریں شیئر کریں تاکہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔