0

جہلم دکانداروں نے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے دکانداروں نے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی مہنگائی کا طوفان برپاء کرکے رکھ دیا۔ دکانداروں نے من پسند نرخ مقرر کر کے اشیاء کی فروخت شروع کر دی۔ شہری ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں تاجروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ شہریوں نے گراں فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کیے جانے والے نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، خود ساختہ مہنگائی کے باعث شہریوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ تاجروں کو سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان شروع ہوتے ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔ غریب سفید پوش، متوسط طبقہ کے افراد سبزی، فروٹ استعمال کرنے سے عاری ہو چکے ہیں۔ بکرے کا گوشت، گائے کا گوشت، مرغی کا گوشت، سبزیاں اور دیگر اشیاء خوردونوش خریدنا عوام کی پہنچ سے دور نکل چکے ہیں۔ غریب و غربا ء اور سفید پوش طبقے کے افراد تاجروں کی خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے مکمل طور پر بے بس ہوچکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے سختی سے احکامات جاری کریں اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کریں تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔