جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم دودھ دہی فروشوں نے مرضی کے نرخ مقرر کر لئے۔ناقص،پاؤڈر ملا دودھ شیر خوار بچوں میں موذی امراض کا سبب بننے لگا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی غفلت کے باعث بیماریاں خریدنے پر مجبور شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں ناقص و غیر معیاری مضر صحت دودھ من مرضی کے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کررکھا ہے جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کیوجہ سے دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے دودھ دہی کی فروخت شروع کررکھی ہے۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہناہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران مضر صحت دودھ، دہی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں بیشتر دودھ فروش دودھ سے مکھن نکال کر فروخت کررہے ہیں مضر صحت دود ھ دہی استعمال کرنے سے بچے اور بزرگ شہری بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ مضر صحت دودھ اور دہی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ گراں فروشی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0