0

جہلم حکومت پنجاب کا یوم آزادی کے موقع پر راولپنڈی سے لاہور کی جانب آزادی فلوٹ چلانے کا فیصلہ

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم حکومت پنجاب کا یوم آزادی کے موقع پر راولپنڈی سے لاہور کی جانب آزادی فلوٹ چلانے کا فیصلہ۔ آزادی فلوٹ 10 اگست کو راولپنڈی سے روانہ ہوگا اور جہلم، گجرات، گوجرانوالہ سے ہوتا ہوا 14 اگست کو لاہور پہنچے گا۔ جہلم میں یہ فلوٹ 11 اگست کو پہنچے گا۔ اس حوالے سے جہلم میں زبردست انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ آزادی فلوٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اکائیوں کی نمائندگی ہوگی اور مینار پاکستان، مزار قائد، قائد اعظم ریزیڈنسی کوئٹہ، خیبر پاس، گلگت اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی اس فلوٹ پر نظر آئیں گے۔ جہلم میں فلوٹ کے استقبال کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس میں تحریک آزادی سے متعلق ڈاکومینٹریز، قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر اور ملی نغمے چلائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مقامی گلوکار بھی پرفارم کریں گے جو عوام کو محظوظ کرنے کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے جذبات کو ابھاریں گے۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اس موقع پر سیکورٹی اور سہولیات کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ اجلاس میں پروگرام کے وینیو سمیت دیگر انتظامی معاملات زیر بحث لائے گئے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ تمام شہریوں کو اس تقریب میں شرکت کے لیے سہولت فراہم کی جائے۔ عوام اس فلوٹ میں بھرپور شرکت کریں اور آزادی فلوٹ کا حصہ بن کر قومی جوش و خروش میں شامل ہوں۔ یہ موقع نہ صرف ہماری آزادی کی داستان کو زندہ رکھے گا بلکہ نئی نسل کو بھی تحریک آزادی کی قربانیوں اور ہماری ثقافتی ورثے سے روشناس کرائے گا۔