0

جہلم جگہ جگہ کم عمر چکن فروشوں کی بھر مار، حلال حرام، مردہ، زندہ کی تمیز بھی ختم ہو گئی

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم جگہ جگہ کم عمر چکن فروشوں کی بھر مار، حلال حرام، مردہ، زندہ کی تمیز بھی ختم ہو گئی۔ مرغی فروشوں کی بڑی تعداد کو حلال ذبحہ کی تکبیر بھی نہیں آتی۔ مسلم معاشرے میں شرعی لحاظ سے بغیر تکبیر گوشت کھانا حرام ہے۔ مرغی فروش حفظان صحت کے اصولوں کا بھی خیال نہ رکھتے، گندگی کے ڈھیروں پر لگے مرغی فروشوں کے اڈوں پر مکھیوں کی بھی بھر مار ہوتی ہے۔ شہر اور اطراف کے علاقوں میں جگہ جگہ چکن فروشوں نے اڈے سجا رکھے ہیں، جو من مانے نرخوں پر کم وزن گوشت فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں، صبح سے ذبح شدہ مرغیوں کو جن کے اوپر مکھیاں اور دیگرحشرات بھنبھنا رہے ہوتے ہیں ان کے زندہ، مردہ ذبح کرنے کی بھی تصدیق نہیں ہو سکتی جو دیدہ دلیری کے ساتھ فروخت کر دی جاتی ہیں۔ بیشتر چکن فروش قصابوں کو حلال مرغیاں ذبحہ کرنے کی تکبیر بھی نہیں آتی،جس کیوجہ سے حلال، حرام کی تمیز بھی ختم کردی گئی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کو چاہئیے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرواتے ہوئے مرغیاں ذبحہ کرنے والوں کے پاس میڈیکل سرٹیفکیٹس اور جس ڈبے میں مرغیاں ذبحہ کرکے پھینکی جاتی ہیں کو صاف ستھرا رکھنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق مرغی کا گوشت خرید کر استعمال کرسکیں۔