جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم جادہ تا شاندار چوک، میجر اکرم شہید روڈ کا افتتاح مشیر وزیراعظم بلال اظہر کیانی نے کردیا۔ 5 کلو میٹر سڑک کی تعمیر سے شہریوں کے مسائل میں کمی ہوگی۔ 21 کروڑ55 لاکھ 94 ہزار روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کیاگیا، شاندار چوک تاجادہ 2 رویہ سڑک، میجر اکرم شہید کچہری لنک روڈ کی بحالی وتعمیر نو سے عوام کی پریشانی اور تکلیف ختم ہو جائیں گی۔ 1100 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لئے رکھنا وزیراعظم شہبازشریف کا بڑا فیصلہ اور بڑا قدم ہے،2018 میں 1000 ارب روپے کا پی ایس ڈی پی رکھا گیا تھا، ملک میں ترقی کا سفرپھر سے شروع ہوچکا ہے، پچھلے چار سالوں میں سابق حکمرانوں نے صرف اپنی ذاتی کمائی کے منصوبے بنائے، عوامی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار بڑھنے سے ملک میں روزگار کی فراہمی اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، پورے ضلع جہلم خاص طورپر این اے 60 میں خدمت کا سفر ایک نئی رفتار سے شروع ہوچکا ہے، بجلی کی فراہمی اور اس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے بھی بھرپور خدمت کا سلسلہ شروع ہوگا، حلقے کے عوام کو خوش خبریاں دیتے رہیں گے، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی کی افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو،تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دور میں مکمل ہونے والی جادہ تا شاندار چوک، میجر اکرم شہید کچہری روڈ کا افتتاح گزشتہ روز مشیر وزیراعظم پاکستان بلال اظہر کیانی نے کیا، اس موقع پر عمائدین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے علاقہ کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ شاندار چوک تاجادہ مرکزی سڑکوں کی تعمیر عوام کا درینہ مطالبہ تھا جن کی تعمیر سے شہریوں کو تکلیف اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ یہ مجموعی طورپر 5 کلومیٹر کی سڑکیں ہیں جس میں 3 کلومیٹر کی مرکزی سڑک جادہ تا شاندار چوک جبکہ 2 کلو میٹر میجر اکرم شہید لنک رو ڈ ہے جس پر 21 کروڑ55 لاکھ 94 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے۔ جو پورا ہوگیا ہے، الحمدللہ۔ ان سڑکوں کی بحالی اور تعمیر سے روزہ مرہ اندرون شہر چلنے والی ٹریفک کو مسائل سے نجات ملے گی اور شہریوں کا وقت بھی بچے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف اور پنجاب حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ منصوبے کی تکمیل اور معیار کے حوالے سے متعلقہ حکام کو بھی انہوں نے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پورے ضلع جہلم خاص طورپر این اے 60 میں خدمت کا سفر ایک نئی رفتار سے شروع ہوچکا ہے۔ حلقے کے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کررہا ہوں۔آنے والے دنوں میں بجلی کی فراہمی اور اس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے بھرپور خدمت کا سلسلہ شروع ہوگا۔ حلقے کے عوام کو خوش خبریاں دیتے رہیں گے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ این اے 60 میں سڑکوں، بجلی اور دیگر ترقیاتی کاموں کو بھی نہ صرف’پاکستان سپیڈ’ سے پورا کرائیں گے بلکہ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پوری نگرانی کریں گے۔ صحت، تعلیم سمیت ہر شعبے میں معاملات کی بہتری کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، ان کے مسائل حل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں سمیت حلقے کے تمام طبقات کی بلا تفریق خدمت کریں گے۔ حلقے میں رہنے والے افراد میرے لئے گھر کے افراد کا درجہ رکھتے ہیں۔ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ مشکل معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری شعبے کے عوامی ترقیاتی منصوبوں (پی۔ایس۔ڈی۔پی) کے لئے 1100 ارب روپے رکھے ہیں جوایک بڑا فیصلہ اور قدم ہے۔ یہ قائد محمد نوازشریف کی عوام اور ملک دوست روایت کا تسلسل ہے۔ یہ موجودہ حکومت کی عوام اور ملک کی ترقی کی سوچ، ایجنڈے اور اس کے ساتھ پختہ وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے ضلع جہلم کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پر کافی حد تک کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے اس معاملے میں۔مسلسل رابطہ ہے تاکہ پی ایس ڈی پی میں اس منصوبے کے لئے فنڈز رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2018 کے بجٹ میں 1000 ارب روپے کا پی ایس ڈی پی رکھا تھا۔ اِنشاء اللہ ملک میں ترقی کا سفر تیزی سے شروع ہوچکا ہے، عوامی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار بڑھے گی جس سے ملک میں روزگار کی فراہمی ہوگی اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چار سالوں میں سابق حکمرانوں نے صرف اپنی ذاتی کمائی کے منصوبے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست بچانے کیلئے سیاسی مفادات کی پرواہ نہیں کریں گے، اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے کی پالیسی اپنائی ہے۔
0