0

جہلم بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم مہنگائی آؤٹ آف کنٹرول بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، نرخوں میں ہوشربا اضافے پر عوام بلبلا اٹھی۔ مہنگائی کے وار سے بیکری مصنوعات بھی بچ نہ سکیں، انڈے، ڈبل روٹی، بن، جیم، مکھن اوربیکری کی دیگر مصنوعات عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بڑی ڈبل روٹی کی قیمت 200 سے بڑھاکر 220 روپے کر دی گئی، رس کے پیکٹ کی قیمت 150 سے بڑھا کر 200 روپے مقرر کر دیا گیا، جیم280 روپے سے بڑھا کر 350 روپے جبکہ مکھن 400سے بڑھاکر 750 روپے کا ہو گیا۔ بن بھی مہنگا ہو گیا قیمت 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے کر دی گئی۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جیم، ڈبل روٹی، انڈے اور مکھن سمیت سب کچھ مہنگا کردیا گیاہے، بیکری مصنوعات کی قیمتیں سرکاری طور پر مقرر نہ ہونے کی وجہ سے بیکری مالکان من مانیاں کر رہے ہیں۔ عام شہری جب بیکری اشیاء خرید کرلاتے ہیں تو پیسوں کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کہاں اڑ گئے، اب تو بیکری مالکان شاپنگ بیگ کے بھی 10 روپے صارفین سے وصول کرتے ہیں۔جبکہ شاپنگ بیگ پر مشہوری بیکری مالک نے اپنی بیکری کی، کی ہوئی ہوتی ہے، صارفین نے ڈپٹی کمشنر سے بیکری اشیاء کی قیمتوں کو سرکاری طور پر نافذ العمل کرنے کا مطالبہ کیاہے، تاکہ بیکری مالکان از خود قیمتیں نہ بڑھا سکیں۔