0

جہلم بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ

جہلم(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جہلم بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، ملک میں مہنگائی بڑھنے کا سبب بننے لگی۔ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی،تنظیموں کے عمائدین نے اخبارنویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ایما ء پر بجلی و سوئی گیس مزید مہنگی کرنے سے باز رہے۔ بجلی و سوئی گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ صارفین کا معاشی قتل ہوگا، پہلے ہی بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام دشمنی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے جیسے حکمرانوں نے ملک و قوم کو معاشی لحاظ سے دیوالیہ کرنے کا آئی ایف ایف کے ساتھ معاہدہ کررکھا ہے،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کی بجائے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور مستقبل میں عوام پر مہنگائی کے بم گرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے، کمر توڑ مہنگائی اور حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے غریب پس کر رہ گیا ہے۔عمائدین نے چیف آف آرمی سٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ سوئی گیس، بجلی سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لئے مناسب حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔