0

جہلم انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام،

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، لہسن کی نئی قیمت نے پیٹرول اور ڈالر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، لہسن600 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔جبکہ شہر کے بازاروں میں سبزی فروشوں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے سبزیاں اور پھل فروخت کرنی شروع کردیئے۔ گزشتہ روز قیمت ایپ پنجاب پر جاری سبزی آلو کی قیمت75 روپے مقرر کی گئی تاہم دکاندار 90 روپے فی کلو گرام فروخت کرتے رہے، پیاز140 روپے کی بجائے 150 روپے اور ٹماٹر90 روپے کی بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیا جاتا رہا۔ ادرک کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، نیا ریکارڈ قائم اسی طرح ادرک کی قیمت 450 روپے کی بجائے 480، لہسن 600 روپے کی بجائے 650 روپے فی کلو گرام،بھنڈی95 روپے کی بجائے 130 روپے،گھیا کدو115 روپے کی بجائے 130 روپے،پالک 35 روپے کی بجائے 50 روپے، شلجم 50 روپے کی بجائے 80 روپے فی کلوگرام فروخت کیا جاتا رہا۔ خریداری کے لئے آئی ہوئی خواتین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق اور موجودہ نگران حکومت میں کوئی فرق نہیں نہ سابق حکومت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پا سکی اور نہ ہی موجودہ حکمران غریب عوام کو ریلیف فراہم کر سکے۔ خواتین کا کہناہے کہ حکمران زبانی جمع تفریق کرکے سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کرتے ہیں اگلے سال ہونے والے انتخابات میں صرف اس کو ووٹ دیں گے جو غریبوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔