0

جو ہمارے شہداء کا احترام نہ کرے ہم اس کا احترام نہیں کریں گے: مریم نواز

مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک شخص نے حساس تنصیبات پرحملے ہی نہیں بلکہ کشمیر کا سودا بھی کیا، جو ہمارے شہداء کا احترام نہ کرے ہم اس کا احترام نہیں کریں گے۔

باغ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے جلسہ خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خون کے رشتے سے کشمیر کے ساتھ جڑی ہوں، وادی کشمیرکے پہاڑوں پر کھڑے فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہوسکتا، پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے عوام 9 مئی کے واقعات پر شرمندہ ہیں۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ انتشاراورفتنہ بازی کی سیاست سے ایک ہی شخص یاد آتا ہے، ایک شخص نے حساس تنصیبات پرحملے ہی نہیں بلکہ کشمیرکا سودابھی کیا، شہداء کی یادگاروں کی توہین کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، جب کسی کے پاس کارکردگی دکھانے کو نہ ہو تو وہی شخص ایسی حرکتیں کرتا ہے، جوہمارے شہداء کا احترام نہ کرے ہم اس کا احترام نہیں کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے کئی دشمن آئے اورچلے گئے، نوازشریف نے تکالیف برداشت کیں لیکن پاکستان پرکوئی آنچ نہ آنے دی، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اہم کردارادا کیا، مسلم لیگ ن اورنوازشریف آج بھی ہیں اورکل بھی رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں