0

بے روزگاری میں ہوشربا اضافے نے 90 فیصد شہریوں کو ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے ا مراض کا مریض بنا دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم یو ٹیلیٹی بلز، مہنگائی اور بے روزگاری میں ہوشربا اضافے نے 90 فیصد شہریوں کو ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے ا مراض کا مریض بنا دیا۔ بجلی کے بلوں میں اضافہ، بیروزگاری اور مہنگائی کے باعث نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور ز میں روزانہ کی بنیاد پر رجوع کرنے والے مریضوں میں مختلف بیماریوں کے غیر معمولی اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس تناظر میں ایک محتاط سروے رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 15 سال سے 35 سال کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو بے روزگاری، مہنگائی اور یوٹیلیٹی بلز میں اضافے کے باعث ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کا مرض گزشتہ 3/4 ماہ سے 90 فیصد تک بڑھ گیا ہے جبکہ 35 سے 50 سال کے افراد میں دل کے امراض میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس بارے میں ماہرین طب کا کہنا ہے ان بیماریوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ذہنی تناؤ ہے جس کا علاج ادویات سے زیادہ ذہنی سکون ہی ہے جس کے لیے متوازن خوراک اور مالی خوشحالی لازم و ملزوم ہیں۔