جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کے صدر چوہدری مہربان حسین نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کو ذہنی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، شہری مجبوریوں کے ہاتھوں عاجز آکر خود کشیاں کر رہے ہیں جو معاشرتی تنزلی اور حالات کی ابتری کا واضح ثبوت ہے اس کڑے وقت میں حکومت کو سیاسی مفادات کی تکمیل کی بجائے عام شہریوں کی مشکلات کے ازالہ پر تمام تر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تا کہ عام آدمی کی زندگی میں بھی آسانیاں پیدا ہوسکیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ریاست کو ماں کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ریاست کی نظر میں تمام شہری یکساں ہونے چاہئے اور مراعات یافتہ طبقے کونوازنے کی بجائے عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے چوہدری مہربان حسین نے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار سنبھالنے سے قبل مہنگائی کے خاتمے کے بلند و بانگ نعرے لگائے اور اقتدار سنبھالا، ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے ہر ماہ حکمران بجٹ پیش کرکے مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ کررہے ہیں، گزشتہ روز حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب سفید پوش طبقہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی بھی کوشش کی ہے جبکہ عوام کے بنیادی حقوق جن میں صحت، تعلیم، بجلی، گیس جیسی سہولیات بھی چھینی جا رہی ہے۔ حکومت کو وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑنا ہوگا، جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔
0