0

بلوچستان کے صوبائی وزیرمعدنیات مبین خلجی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا

بلوچستان کے صوبائی وزیرمعدنیات مبین خلجی
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیرمعدنیات مبین خلجی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرمعدنیات مبین خلجی نے کہا کہ جمہوریت اور بلوچستان کی فلاح اورترقی کے لیے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی مگر 9 مئی کے پرتشدد احتجاج اورواقعات میں جناح ہائوس ، فوجی تنصیبات اور سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

مبین خلجی نے کہا کہ9 مئی کا واقعہ انتہائی دالخراش تھا ، ملک ہے تو ہم سب ہیں ، ملک نہیں تو بھی نہیں ہیں ، کسی کے دبائومیں نہیں بلکہ ملک و قوم کی سلامتی کو مدنظر رکھ کر پارٹی چھوڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے احتجاج کے دوران وہ موجود نہیں تھے، ایسے حالات میں وہ پارٹی کا ساتھ نہیں سکتے ، اس لیے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں رینجرز کی معاونت سے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج شروع کر دیا۔

اس دوران پی ٹی آئی کے بلاوئیوں نے جناح ہائوس ، فوجی تنصیبات اور سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔