0

بلاول بھٹو میرے چھوٹے بھائی جیسے ہیں، ہم نے 16 ماہ اکٹھے کام کیا ہے: شہباز شریف

بلاول بھٹو اور شہباز شریف
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلاول کے ساتھ 16 مہینے کام کیا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، مل کر مسائل حل کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ اس ملک کی ترقی اور حوش حالی ہی سے ہماری ترقی و خوش حالی وابستہ ہے۔

بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اسلم خان رئیسانی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو میرے چھوٹے بھائی جیسے ہیں، ہم نے 16 ماہ اکٹھے کام کیا ہے، رونے دھونے اور ایک دوسرے کو مؤرد الزام ٹھہرانے سے کچھ نہیں ہوگا، ہمیں سنجیدہ سیاست کی طرف جانا ہوگا۔

شہباز شریف نے اسلم خان رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی، جس پر انہوں نے جلد فیصلہ کرنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل مل کر حل کرنے پڑیں گے۔ سیاسی زعما اور اسٹیک ہولڈر ماضی سے سبق سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ اس ملک کی ترقی اور حوش حالی ہی سے ہماری ترقی و خوش حالی وابستہ ہے۔ پاکستان ایک جوہری قوت ہے مگر معاشی طور پر ہمارا گزشتہ 75 برس میں جو حشر ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ہمیں اس حالت کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ الزام تراشی کرنا کوئی مناسب عمل نہیں ہے۔

انہوں نے پارٹی قائد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بلوچستان کی ترقی کے لیے اقدامات اور فیصلے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ ان کے دور میں ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ سابقہ حکومت کے 4 سالہ دور میں تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں ہوا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں سے کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہو، قوم اسے قبول کر لے گی۔ ہماری مخلوط حکومت میں تمام فیصلے مشاورت کے تحت ہوتے تھے۔ بلاول میرے چھوٹے بھائی کے جیسے ہیں، ان کے ساتھ مل کر 16 ماہ کام کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب کو الزام تراشی اور رونا دھونا چھوڑ کر اپنے گریبان میں جھانکنا پڑے گا۔ تجزیہ کرنا ہوگا کہ ہم سے کیا کیا اور کہاں کہاں غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا مگر ریاست بچ گئی۔ اب سیاست بھی بچ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں