جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بلوں میں بے پناہ اضافے نے صارفین کی چیخیں نکلوادیں، حکومت تحریک انصاف کے شر پسندوں کیخلاف کارروائیاں ضرور کرے مگر عوام کے بنیادی مسائل پربھی توجہ مرکوز کرے، شہریوں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہرو گردو نواح میں بدترین بجلی و گیس کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، علی الصبح کے اوقات سمیت رات گئے تک بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ بھی معمول بن چکی ہے یہی صورت حال سوئی گیس کی ہے جو کئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے جس سے گھریلو خانہ داری سمیت دیگر معاملات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے سانحہ 9 مئی میں ملوث شر پسند عناصر پر ہی مرکوز ہے جس کیوجہ سے عوام الناس مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں مڈل طبقہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے ختم ہو چکا ہے، غریب، دیہاڑی دار، سفید پوش طبقہ کھانے کے لیے2 وقت کی روٹی کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ بجلی پر چلنے والے کارروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، دکانوں پر کام کرنے والے مزدور بدترین مہنگائی میں مزدوری کرنے سے بھی قاصر ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ اسی طرح مساجد، گھروں میں پانی ختم ہونے سے نمازیوں کو وضو کیلئے بھی پانی میسر نہیں آتا۔ شکایات کا ازالہ کرنے والے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں، شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان، آئیسکو چیف اسلام آباد، وفاقی وزیر پانی و بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
0