سچ نیوز کے سینئر اینکر امیر عباس سے زمان پارک رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ میں کسی اور پر نہیں، صرف پاکستانی عوام پر بھروسہ کر رہا ہوں، مجھے سیاست اور راستے سے ہٹا کر ملک کو مزید عدم استحکام کا شکار کر دیا جائے گا۔
اینکر پرسن کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں معافی کس بات کی مانگوں؟ 9 مئی کو میں نے یا میری جماعت نے کوئی منظم جُرم نہیں کیا، میں نے کچھ غلط کیا ہی نہیں تو معافی کیوں مانگوں؟ آج لوگ سب دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کو اُٹھایا جا رہا ہے، یاد رکھیں! ظلم جب بڑھ جائے تو لوگ خود کھڑے ہوتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ملک میں پُر امن احتجاج کا پلان تھا، جلاؤ گھیراو اور توڑ پھوڑ میں کوئی سازش ملوث ہے، میں اور میری جماعت 27 سال سے تشدد اور بدامنی کے خلاف ہے، یہ کہنا کہ ہم نے جلاو گھیراو کیا، ہمارے نظریے کے خلاف ہے، میں نے ملکی حالات کی بہتری کیلئے جنرل باجوہ سے ملاقاتیں کیں، میں نہیں جانتا کہ جنرل باجوہ نے حالات کیوں خراب کئے، موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم کے چیف بننے پر میں رضامند تھا، آرمی چیف بننے سے پہلے جنرل عاصم کو تعاون کا پیغام بھی بھجوایا، خان ہم اگر آرمی چیف کی تعیناتی پر شور مچانا چاہتے تو کر سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا، عمران خان مجھے بیرون ملک لے جانے کیلئے نہ تو کوئی طیارہ آیا اور نہ پیشکش ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت کو ختم کرنیوالوں کو سانحہ مشرقی پاکستان یاد رکھنا چاہیے، میں فوج کا مخالف نہیں، میرے بارے میں جان بوجھ کر ایسا تاثر پھیلایا گیا، ہم اپنی فوج کے خلاف جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، میں مایوس نہیں بلکہ اللّہ سے پُر امید ہوں۔
سابق وزیر وزیر اعظم سے جب اینکرپرسن نے پوچھا گیا کہ ان حالات میں آپ کیسے الیکشن میں جائیں گے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہمارے بغیر ہو ہی نہیں سکتے، میں آخری وقت تک پاکستانی قوم کے حقوق کیلئے لڑوں گا۔